جنوبی افریقہ کی گلوبل ٹی 20 لیگ میں 25 پاکستانی کھلاڑی بھی شامل

42

جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقد ہونے والے ڈرافٹ میں پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندر کی فرنچائز ڈربن قلندر سب سے پہلے اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

جنوبی افریقہ کی گلوبل ٹی 20 لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کی 8ٹیموں میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ اس ہفتے کے اختتام پر ہو گا۔

ٹیموں کو کھلاڑیوں کے ڈرافٹ سے قبل ایک ’انٹرنیشنل مارکی‘ کھلاڑی کا بھی انتخاب کرنا ہو گا، جس میں کرس گیل، جیسن رائے، برینڈن میکولم، آئن مورگن، کیون پیٹرسن، ڈیوائن براوو، کیرن پولارڈ اور لیستھ مالنگا شامل ہیں۔

ایونٹ میں شریک فرنچائزز کو فراہم کی گئی کھلاڑیوں کی فہرست میں مصباح الحق اور شاہد آفریدی سمیت 25 پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

گلوبل ٹی 20 کے افتتاحی سیزن کے لیے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ڈرافٹ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، احمد شہزاد، فخر زمان، افتخار احمد، کامران اکمل، فواد عالم، اظہر علی، عمر اکمل، بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حفیظ، محمد نواز، عبد الرزاق، محمد عباس، انور علی، عمر گل، جنید خان، سہیل خان، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سعید اجمل اور یاسر کے نام شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی گلوبل ٹی 20 لیگ کا پہلا سیزن 3 نومبر سے 16 دسمبر تک کھیلا جائے گا جو کہ بنگلا دیش پریمئر لیگ سے متصادم ہو گا۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایسے پاکستانی کھلاڑی جو ڈرافٹ میں شامل نہیں ہیں وہ نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے والی بنگلا دیش پریمئر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.